Saturday, 13 June 2026, 08:26:03 pm
 
وزیراعظم کا تمام صوبوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اقدامات اُٹھانے کے عزم کا اعادہ
June 13, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے چاروں صوبوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کے جواب میں اس بات سے اتفاق کیا کہ ہر صوبے کے عوام کا ان کے وسائل پر پورا حق ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ چاروں صوبوں کے منتخب نمائندوں کا مشترکہ فورم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا ریکوڈک منصوبے میں جائز اور قانونی حصہ ہے۔

انہوں نے سال دوہزار دس کے قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت بلوچستان کے حصے میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دو سال قبل صوبے میں زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے تقریباً 73 ارب روپے مختص کیے گئے تھے جبکہ وفاق کے تین سو ارب روپے سے زائد کے فنڈز سے گوادر،چمن دو رویہ کیرج وے کی تکمیل کا کام بھی جاری ہے۔

محمد شہباز شریف نے ڈیورنڈ لائن پر لگی باڑ کے حوالے سے کہا کہ یہ باڑ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر لگائی گئی تھی اور اس پر ہونے والے اخراجات بالکل ٹھیک تھے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ، بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں لازوال قربانیاں دے رہے ہیں اور ان کی خدمات کو تسلیم کرنا اور ان کا احترام کرنا ہم سب کا فرض ہے۔

وزیراعظم نے تمام مسائل کے حل کیلئے ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کی۔

 اس سے پہلے حسب روایت آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے نادار افراد کی معاونت اور زرعی شعبے کو مضبوط بنانے کے لئے مزید اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے ایک جامع حکمت عملی تشکیل دینے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا پاکستان کو سیاحت کے شعبے میں موجود بھرپور صلاحیت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔