Wednesday, 15 July 2026, 08:39:04 pm
 
پاک امریکہ اقتصادی شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان دیرپا تعلقات کی ضامن ہوگی، رضوان سعید شیخ
July 15, 2026

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاک امریکہ اقتصادی شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان دیرپا تعلقات کی ضامن ہوگی،فیفا ورلڈ کپ کے لئے پاکستان میں تیار کیے جانے والے فٹ بال کا مسلسل انتخاب ملک کے لئے باعث افتخار ہے۔

ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان نے امریکی بین الاقوامی ترقیاتی مالیاتی کارپوریشن ( یو ایس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن) کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر بینجمن بلیک سے ملاقات کے دوران کیا ۔

واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ڈی ایف سی کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں مختلف شعبوں میں جاری اور مجوزہ منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ تعاون کو مزید موثر بنانے کے لیے دونوں جانب سے فوکل پرسنز نامزد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

رضوان سعید شیخ نے ڈی ایف سی کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر بینجمن بلیک کو فیفا ورلڈ کپ کے لیے پاکستان میں تیار کیا جانے والا آفیشل فٹ بال "ٹرائیونڈا" بطور تحفہ پیش کیا۔

سفیر پاکستان نے پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بندرگاہوں سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری میں ڈی ایف سی کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا۔

اس موقع پرڈی ایف سی کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر بینجمن بلیک نے "ٹرائیونڈا" فٹ بال کے اعلی معیار کو سراہتے ہوئے پاکستان کی صنعتی مہارت کی تعریف کی۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے باہمی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔