وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ ایک ایسے مستقبل کی تعمیر کیلئے مشترکہ عزم کی تجدید کرے جہاں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لاتے ہوئے پائیدارقومی خوشحالی میں تبدیل کیا جا سکے۔
وزیر اعظم نے نوجوانوں کی مہارتوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کے نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم، کردار سازی اور جدید علم و مہارتوں کے حصول کے ذریعے نوجوان ایک روشن اور خوشحال مستقبل کی طرف اعتماد کے ساتھ قدم بڑھا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ایک جامع حکمت عملی کے تحت صنعتی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک اور شراکت داری کو فروغ دے رہی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پاکستان کی افرادی قوت عالمی معیار پر پورا اترے اور بین الاقوامی منڈیوں میں مسابقت برقرار رکھ سکے۔