نائب وزیراعظم اسحاق ڈار دو روزہ دورے پر کل چین کے شہر شنگھائی جائیں گے۔
ایک وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔ نائب وزیراعظم کو اس دورے کی دعوت چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے دی ہے۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم عالمی مصنوعی ذہانت تعاون تنظیم کے قیام کی تقریب میں شرکت کریں گے اور بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان کی جانب سے معاہدے پر دستخط کریں گے۔
وہ جمعے کے روز عالمی مصنوعی ذہانت کانفرنس کی افتتاحی تقریب اور مصنوعی ذہانت سے متعلق عالمی طرزِ حکمرانی پر اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
کانفرنس کے موقع پر اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے دو طرفہ ملاقات کے علاوہ دیگر ممالک کے ہم منصبوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ملاقاتوں کے دوران نائب وزیراعظم مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کا موقف پیش کریں گے، جس میں بالخصوص عالمی جنوبی ممالک کی ترجیحات اور ترقیاتی ضروریات پر زور دیا جائے گا۔