Thursday, 16 January 2025, 12:51:25 am
 
پاور ڈویژن کا چارجنگ سٹیشنز کیلئے بجلی کی قیمت میں 44 فیصد کمی کا اعلان
January 15, 2025

پاو رڈویژن نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کے لئے بجلی کی قیمت میں چوالیس فیصد کمی کرنے کا اعلان کیاہے۔

اس بات کا اعلان وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے آج(بدھ کو) اسلام آباد میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کے لئے اس خصوصی رعایتی نرخ کی منظوری دی ہے جس سے بجلی کاموجودہ نر خ اکہتر روپے فی یونٹ سے کم ہوکر انتالیس روپے ستر پیسے ہوگیا ہے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز سے متعلق قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کر دیا گیاہے جس کے تحت پندرہ دن کے اندر ان کے اندراج اور کاروباری سرگرمیاں کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی سے پٹرول اور دوسرے ایندھن کے مقابلے میں سفری لاگت میں تین گنا کمی آئے گی جس کے نتیجے میں کرایوں میں بھی واضح کمی آئے گی۔ اس کے علاوہ پٹرول اور دوسرے ایندھن پر انحصار کم ہونے سے زرمبادلہ کی بچت میں بھی مدد ملے گی۔

ملک میں اس وقت اندازاً ایک کروڑ موٹرسائیکل ہیں جو سالانہ چھ ارب ڈ الر کا ایندھن استعمال کرتی ہیں۔ ان موٹر سائیکلز کو الیکٹرک ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے سے اربوں ڈالر کے زرمبادلے کی بچت ہوگی۔

چارجنگ سٹیشنز اور بیٹری تبدیل کرنے کے مراکز کے قیام سے کاروبار کے نئے مواقع بھی پیداہوں گے۔ چارجنگ سٹیشنز یا بیٹری تبدیل کرنے کے مراکز کے قیام کے لئے اجازت نامے اب صرف پندرہ دن میں حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

توانائی کے تحفظ کے قومی ادارے نے ون ونڈو سسٹم قائم کیا ہے اور اب رجسٹریشن ویب سائیٹ کے ذریعے آن لائن کرائی جاسکتی ہے۔

مسابقتی منڈی اور مقامی سطح اور غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لئے ان قواعدو قوابط کو آسان کر دیا گیاہے جس کے تحت رجسٹریشن فیس صرف پچاس ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

ان قواعد و ضوابط سے سال2030 ء تک تیس فیصد الیکٹرک گاڑیوں کا ہدف پوراکرنے میں مدد ملے گی۔

ادھر وزیراعظم شہبازشریف نے الیکٹرک گاڑیوں کے لئے تاریخی پیکیج میں چوالیس فیصد کے رعایتی نرخ کا خیرمقدم کیاہے۔

 انہوں نے آج اسلام آباد میں ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کے رجحان کو فرو غ دینے سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پٹرول اور ڈیزل کی درآمد پر زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور ماحول د وست سفری سہولتیں میسرآئیں گی۔

وزیراعظم نے وزیر توانائی کو ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کیلئے نئی پالیسی پر سراہتے ہوئے اس پالیسی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے پر زور دیا۔