Wednesday, 15 January 2025, 07:56:50 pm
 
وزیراعظم کا چارجنگ سٹیشنز کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی کا خیرمقدم
January 15, 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ پاور ڈویژن کی جانب سے الیکٹرک وہیکلز کی پالیسی انتہائی خوش آئند ہے، پاور ڈویژن کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ٹیرف میں 44 فیصد کمی ایک تاریخ ساز پیکج ہے، الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کی نئی پالیسی کے حوالے سے وفاقی وزیر توانائی اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے پٹرول اور ڈیزل کی درآمد کی مد میں زر مبادلہ کی بچت ہو گی اور ماحول دوست سفری سہولیات دستیاب ہوں گی۔

وزیراعظم نے الیکٹرک گاڑیوں کے حوالے سے نئی حکومتی پالیسی کی بھرپور تشہیر کرنے اور آگہی مہم کی ہدایت کی۔

اجلاس کو الیکٹرک وہیکلز کے لئے نئی حکومتی پالیسی پر بریفنگ دی گئی،اجلاس کو بتایا گیا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کیلئے بجلی کا ٹیرف فی یونٹ 71روپے سے کم کرکے  39.70روپے فی یونٹ کردیا گیا ہے،اس کمی کی وجہ سے اب پیٹرول اور دوسرے ایندھن کے مقابلے میں سفری اخراجات میں تین گُنا تک بچت ممکن ہوسکے گی۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ رعائتی بجلی نرخ اور الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز سے متعلق ریگولیشنز کے اجراء سے نئے منافع بخش کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع میسر آئیں گے جس سے نہ صرف ملازمت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ مُلکی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔

الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز سے متعلق ضوابط کے نفاذ سے 15دنوں میں رجسٹریشن اور کاروبار کی اجازت ملے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر پاور سردار اویس احمد لغاری ، وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی-