آج (بدھ کو) کو قومی اسمبلی کو بتایاگیا کہ حکومت رواں سال مارچ کے بعد بجلی کی خریداری نہیں کرے گی کیونکہ بجلی کی خودمختار مارکیٹ کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے ۔
وزیرتوانائی سرداراویس احمد لغاری نے ایوان کو وقفہ سوالات کے دوران بتایاکہ خودمختار بجلی مارکیٹ صارفین کوبجلی پیدا کرنے والی مختلف کمپنیوں سے بجلی خریدنے کے اہل کرے گی۔
وزیر توانائی نے کہاکہ اٹھائیس سے زائد نجی بجلی گھروں کے کنٹریکٹس پرنظر ثانی کی گئی ہے جس سے قومی خزانے کو ایک ہزار چار سو ستاون ارب روپے کا فائدہ ہوگا ۔
اویس احمد لغاری نے کہا کہ وصولیاں بہتر بنانے اور بجلی چوری کی روک تھام کیلئے خصوصی یونٹس قائم کیے گئے ہیں ۔
امور خارجہ کی پارلیمانی سیکرٹری شزرا منصب علی خان کھرل نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پاکستان اور چین باہمی مفاد کیلئے چین پاکستان اقتصادی راہدری کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ا علیٰ سطح کے دوروں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ حالیہ معاہدوں میں چین پاکستان اقتصادی راہ داری کے دوسرے مرحلے کو آگے بڑھانے کی رفتار پرتوجہ مرکوز کی گئی ۔
انہوں نے کہاکہ بیس ہزار چینی باشندے پاکستان میں کام کررہے ہیں جبکہ اٹھائیس ہزار پاکستانی طلباء چین میں زیر تعلیم ہیں۔
ادھر آج قومی اسمبلی میں ایک تحریک کی منظوری دی گئی جس میں گزشتہ سال اٹھارہ اپریل کوہونے والے مشترکہ ایوانوں میں خطاب پر صدر آصف علی زرداری کا شکریہ اداکیاگیا۔