وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دینے کیلئے یوآن بانڈ کی مارکیٹ کو بروئے کارلانا چاہتاہے۔
NIKKEI ایشیاء کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ توقع ہے اس سال کے آخر تک بیس کروڑ ڈ الر سے پچیس کروڑ ڈالر تک مالیت کے پانڈا بانڈ ابتدائی طورپر جاری کیے جائیں گے۔
محمد اورنگزیب نے امید ظاہر کی کہ ہم بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے مطابق اصلاحات کرتے ہوئے درجہ بندی کے زون بی میں پہنچ جائیں گے۔
انہوں نے زور دیاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے شروع کیے گئے ایک اہم اقتصادی اور جغرافیائی و سیاسی منصوبے ایک خطہ ایک شاہراہ اقدام کا اہم حصہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ملک میں چین سمیت تمام غیر ملکی باشندوں کی حفاظت کے معاملے کواعلیٰ ترین سطح پر انتہائی توجہ دیتی ہے۔
انہوں نے کہا ہم اب آئی ایم ایف کے 25 ویں پروگرام کا حصہ ہیں اور ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ یہ آخری پروگرام ہو۔
وفاقی وزیر نے کہا پاکستان کو برآمدات پرمبنی ترقی کا نمونہ قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے جس کے تحت مزید براہ راست سرمایہ کاری کو راغب کیا جائے اور واپس سرمائے کی عالمی منڈی کا حصہ بنا جائے۔