نائب وزیراعظم محمداسحاق ڈار نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو صوبے میں تمام منظورشدہ منصوبوں کے لئے مکمل فنڈز بروقت جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے یہ یقین دہانی اسلام آباد میں وزیراعلیٰ سندھ سے گفتگو کرتے ہوئے کرائی جنہوں نے آج(بدھ کو) نائب وزیراعظم سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران انہوںنے سندھ کے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام میں شامل جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ملاقات کے دوران ان منصوبوں بالخصوص سڑکوں کے روابط' پانی کی قلت' سکولوں کے بنیادی ڈھانچے اورہاؤسنگ کے لئے فنڈز مختص کرنے' ان پرعملدرآمد اورمنظوری دیئے جانے سے متعلق امور کا جائزہ لیاگیا۔
انہوں نے ان منصوبوں کی منظور شدہ لاگت میں بروقت تکمیل پر اتفاق کیا جو سندھ کی ترقی او ر صوبے کی آبادی کی بہتری کے لئے ناگزیر ہے۔
اسحاق ڈارنے کہا کہ جاری منصوبوں کی لاگت میں کسی قسم کے اضافے کے بارے میں فیصلہ سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی اور قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کرے گی۔