Tuesday, 14 July 2026, 05:41:03 am
 
ترکیہ میں غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، گرفتار افراد میں افغان شہری سرفہرست
July 13, 2026

ترکیہ میں غیر قانونی تارکینِ وطن اور انسانی اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترکیہ کے ڈائریکٹوریٹ آف مائیگریشن مینجمنٹ (محکمۂ ہجرت) نے اس حوالے سے تازہ ترین رپورٹ جاری کر دی ہے۔

محکمۂ ہجرت کے مطابق رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران ریکارڈ 70 ہزار غیر قانونی تارکینِ وطن گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ گرفتار ہونے والوں میں 19 ہزار 574 غیر قانونی افغان مہاجرین بھی شامل ہیں، جبکہ چھ ہزار سے زائد انسانی اسمگلرز کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ترکیہ سے 13 ہزار سے زائد غیر قانونی افغان شہریوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔

معروف افغان نیوز ایجنسی دی خامہ پریس کے مطابق طالبان رجیم میں معاشی بدحالی، بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور صنفی پابندیوں کے باعث لاکھوں افغان باشندے ملک چھوڑ چکے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تمام تر مشکلات اور کریک ڈاؤن کے باوجود افغان مہاجرین کی جانب سے ترکیہ کے راستے یورپ جانے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

عالمی ماہرین کے مطابق غیر قانونی افغان مہاجرین کی آڑ میں انسانی اسمگلنگ اور منشیات سے متعلق جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے، جو میزبان ممالک کے امن و امان کے لیے مستقل خطرہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ طالبان رجیم میں افغانستان کی معاشی بربادی اور انسانی حقوق کی پامالی اس غیر قانونی ہجرت کی بنیادی وجہ ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جب تک افغانستان میں جبر کا موجودہ نظام تبدیل نہیں ہوتا، تارکینِ وطن کا یہ بحران برقرار رہے گا۔