Saturday, 12 September 2026, 10:16:13 am
 
صدر ، وزیراعظم اور مسلح افواج کے سربراہان کا میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کی برسی پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش
September 12, 2026

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کی اکسٹھویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

اس موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی عظیم قربانی مادروطن کے تقدس اور ملکی دفاع کیلئے غیر متزلزل عزم کی روشن مثال ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید کی بے مثال قربانی اورلازوال بہادری پوری قوم کیلئے باعثِ فخر اور نوجوان نسل کیلئے مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کے بے مثال جذبہ حب الوطنی اور ملک سے وفاداری کو سلام پیش کرتی رہے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انیس سو پینسٹھ کی جنگ کے دوران میجر عزیز بھٹی نے مادرِوطن کے دفاع کیلئے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی قیمتی جان قربان کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ وطن کی سرزمین ہمیشہ اس بات کی گواہ رہے گی کہ اس کے بہادر سپوت اس کے دفاع اور تقدس کیلئے اپنی جانیں ہتھیلی پررکھتے ہیں۔

چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف،پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کی اکسٹھویں برسی پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کیلئے راجہ عزیز بھٹی شہید کی طرح بے مثال جرأت، عزم اور جذبہ قربانی کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔