Friday, 12 June 2026, 11:25:56 am
 
پہلی ہنگور کلاس آبدوز پی این ایس/ایم ہنگور کی کراچی آمد
June 11, 2026

پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز، پی این ایس/ایم ہنگور، کراچی پہنچ گئی۔ آبدوز کی آمد پر روایتی بحری انداز میں اس کا شاندار استقبال کیا گیا، جس میں پاک بحریہ کے سینئر افسران، جوانوں، آبدوز کے عملے کے اہلِ خانہ اور دیگر بحری اہلکاروں نے شرکت کی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے آنے والی آبدوز اور اس کے عملے کو اعزازی سلامی پیش کی، جبکہ پاک بحریہ کے Z9EC ہیلی کاپٹروں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

پی این ایس/ایم ہنگور کی آمد کے موقع پر پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمانڈر پاکستان فلیٹ، وائس ایڈمرل عبدالمنیب، نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ آبدوز جدید کامبیٹ سسٹمز، سینسرز، ایئر اِنڈیپنڈنٹ پروپلشن (AIP) ٹیکنالوجی اور اسٹیلتھ خصوصیات سے آراستہ ہے جس سے پاک بحریہ کی جنگی استعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔

پی این ایس/ایم ہنگور کی آمد پاک بحریہ کے فلیٹ کا جدت کی جانب ایک اہم قدم ہے اور یہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک دفاعی تعاون کی عکاس ہے۔