واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام "ڈپلومیٹک ٹرائیونڈا کپ 2026" کا شاندار انعقاد کیا گیا، جو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل دوستی، امن اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک سفارتی فٹبال ٹورنامنٹ تھا۔ اس موقع پر امریکہ کی 250 ویں سالگرہ اور پاکستان کی عالمی کھیلوں کی صنعت میں خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں امریکی محکمہ خارجہ، مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور فٹبال شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری آف سٹیٹ پال کپور نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
ٹورنامنٹ میں ڈنمارک، آذربائیجان، کمبوڈیا، سنگاپور، نائجیریا، مصر اور چین کے سفارتی مشنز کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان سفارت کاری میں ہمیشہ کھیل کے میدان کو ترجیح دیتا ہے، کیونکہ کھیل انسانیت کو امن، دوستی اور احترام کے جذبے میں جوڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرائیونڈا صرف ایک فٹبال نہیں بلکہ پاکستان کی صنعتی مہارت اور عالمی کھیلوں میں دیرینہ کردار کی علامت اور ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی کھیلوں کی صنعت میں اپنی معیاری مصنوعات کے ذریعے نمایاں مقام رکھتا ہے۔ 2014 سے ہر فیفا ورلڈ کپ میں پاکستانی ساختہ فٹبال استعمال ہو رہی ہے۔
امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری آف سٹیٹ پال کپور نے بھی پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فٹبال عالمی شائقین کے لیے پاکستانی ہنر کا ثبوت ہے۔
سفیر پاکستان نے فاتح ٹیم کو ٹرافی اور شرکاء میں انعامات تقسیم کیے جبکہ تقریب کا اختتام روایتی پاکستانی کھانوں اور مہمان نوازی کے ساتھ ہوا۔