Friday, 12 June 2026, 11:48:09 pm
 
پاکستان نے افغانستان کو شکست دے کر ڈائمنڈ جوبلی بین الاقوامی فٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا
June 11, 2026

رات مالدیپ میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو دو۔ صفر سے ہرا کر ڈائمنڈ جوبلی بین الاقوامی فٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا۔

1991 کے بعد سینئرمردوں کے بین الاقوامی فٹبال کے کسی فائنل میں پاکستان کی یہ پہلی فتح ہے جبکہ 1952 کے بعد یہ پاکستان کا پہلا انفرادی بین الاقوامی فٹبال ٹائٹل ہے جب پاکستان نے بھارت کے ساتھ مشترکہ طور پریہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

شائق دوست اور ہارون حمید نے ایک۔ ایک گول اسکور کرکے پاکستان کو تاریخی فتح دلائی۔

پاکستان چار ملکی ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہا جس میں میزبان مالدیپ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں بھی شامل تھیں۔

وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے مالدیپ میں ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں افغانستان کیخلاف کامیابی پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

سوشل میڈیا ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے پاکستان فٹبال ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی شاندار کارکردگی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔