وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان سے کہا ہے کہ ملک میں ترقی کا انقلاب لانے کیلئے انتھک محنت کریں۔
وہ کابینہ میں نئے وزرائے مملکت، معاونین خصوصی اور مشیروں کی شمولیت کے بعد آج (منگل) اسلام آباد میں کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام وزراء کی کارکردگی کا ہر تین ماہ بعد جائزہ لیا جائے گا اور اس جائزے کے نتائج کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ بہتر نتائج حاصل کیے جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں امن قائم نہیں ہو جاتا اور دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ نہیں ہوتا، ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی نے بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دوبارہ سر اٹھا لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وفاقی کابینہ نے سائبر سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم اور چین کی نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیکنیکل ٹیم کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی۔
کابینہ نے ڈائریکٹوریٹ آف Religious ایجوکیشن کو وزارتِ وفاقی تعلیم کا ملحقہ محکمہ بنانے کی بھی منظوری دی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کابینہ کو رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کے حوالے سے بریفنگ دی۔