جعفر ایکسپریس پر حملے میں یرغمال بنائے گئے افراد میں 80 مسافروں کو سکیورٹی فورسز نے رہا کرالیا جبکہ 13 دہشتگرد بھی جہنم واصل ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق رہا ہونے والوں میں 43 مرد، 26 عورتیں اور 11 بچے شامل ہیں جبکہ باقی مسافروں کی باحفاظت رہائی کے لئے سکیورٹی فورسز کوشاں ہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے تصدہق کی ہے کہ فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، جعفر ایکسپریس حملے میں ملوث 13 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے، فائرنگ میں متعدد شدت پسند زخمی بھی ہوئے ہیں۔
زخمی مسافروں کو قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری علاقے میں آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ دہشت گردوں نے آج (منگل) بلوچستان میں درہ بولان کے علاقے ڈھاڈر میں جعفر ایکسپریس پر حملہ کرکے مسافروں کو یرغمال بنایا تھا۔