وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب عالمی بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں میں پاکستان کے وفد کی قیادت کے لیے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک روانہ ہو گئے ہیں۔ یہ اجلاس 12 سے 18 اکتوبر تک منعقد ہوں گے۔
دورے کے دوران وزیر خزانہ آئی ایم ایف، عالمی بینک گروپ، کثیرالجہتی مالیاتی اداروں، مختلف ممالک کے وزرائے خزانہ، عالمی سرمایہ کاروں اور کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
ان ملاقاتوں میں پاکستان کی معاشی صورتِ حال، ساختی اصلاحات، نجی شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
محمد اورنگزیب سعودی عرب، چین، ترکیہ، ایران، برطانیہ اور میزبان ملک تھائی لینڈ کے ہم منصبوں کے علاوہ امریکی محکمۂ خزانہ کے حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر خزانہ مختلف کثیرالجہتی فورمز اور سرمایہ کار اجلاسوں میں شرکت کے دوران پاکستان کی معاشی پیش رفت، اصلاحاتی اقدامات، بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں تک رسائی اور نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کے مواقع اجاگر کریں گے۔
وہ فچ ریٹنگز، موڈیز اور ایس اینڈ پی گلوبل سمیت عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں اور رائٹرز، بلومبرگ اور دیگر بین الاقوامی میڈیا اداروں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔