وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری متوفیہ طالبہ لائبہ کے اہل خانہ سے تعزیت کے لیے جی ٹین میں ان کی رہائش گاہ پر پہنچے اور ان کے والد اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔
محسن نقوی اور طلال چوہدری نے متوفیہ طالبہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے سوگوار خاندان کو ہر صورت انصاف کی فراہمی کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ لائبہ کی موت کے دلخراش واقعے پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔
انہوں نے کہا کہ المناک واقعے کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنا ہمارا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی، جبکہ ملزم قانون کے تحت سخت سزا سے نہیں بچ سکے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس تمام پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
چیف کمشنر اسلام آباد، ڈی آئی جی، ایس ایس پی آپریشنز اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔