Saturday, 10 October 2026, 04:01:35 am
 
پاکستان کا اقوام متحدہ امن مشنز کیلئے مسلسل سیاسی حمایت ، وسائل کی فراہمی یقینی بنانے پر زور
October 09, 2026

پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کیلئے مسلسل سیاسی حمایت اور وسائل کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب، سفیر عثمان جدون نے چیلنجز سالانہ فورم کے تحت ''امن مشنز کیلئے بدلتے حالات میں نئی پیشرفت: امن کے قیام کیلئے رفتار کیسے بڑھائی جائے'' کے موضوع پر منعقدہ پینل مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سفیر عثمان جدون نے بتایا کہ گزشتہ 6 دہائیوں کے دوران پاکستان کے 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد امن اہلکار اقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات سرانجام دے چکے ہیں، جبکہ ان میں سے 183 اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن مشنز کو مزید فعال، جدید ٹیکنالوجی سے لیس اور تنازعات کی بدلتی ہوئی نوعیت سے ہم آہنگ بنانے کیلئے اصلاحات اور موافقت کی حمایت کرتا ہے۔ تاہم، انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اصلاحات کا مقصد امن مشنز کو زیادہ مؤثر، کارآمد اور قابلِ عمل بنانا ہونا چاہئے، نہ کہ ان کی صلاحیتوں کو کمزور کرنا۔