Saturday, 10 October 2026, 04:00:33 am
 
ایندھن سبسڈی سکیم سے ایک کروڑ سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں، وزیراعظم
October 09, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایندھن پر سبسڈی سکیم سے اب تک ایک کروڑ سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں۔

اسلام آباد میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت موٹر سائیکل سواروں، چنگ چی رکشہ استعمال کرنے والوں اور 800 سی سی تک انجن والی گاڑیوں کے مالکان کو ریلیف فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ دو کروڑ 70 لاکھ سے زائد ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سے تقریباً ایک کروڑ 94 لاکھ ٹوکن رعایتی نرخوں پر ایندھن حاصل کرنے کے لیے استعمال کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 75 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

شہباز شریف نے سکیم پر کامیابی سے عمل درآمد کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے سکیم کے لیے خدمات کے اعتراف میں وفاقی وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ کے لیے تمغے اور دیگر حکام اور ٹیموں کے لیے اعزازی شیلڈز دینے کا بھی اعلان کیا۔