Saturday, 10 October 2026, 04:00:22 am
 
وزیراعظم کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت
October 09, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب پر بار بار کیے جانے والے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے، جن میں ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ABHA انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں اور وہ زخمی بھی ہوئے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں متعدد بیلسٹک میزائلوں کو روکنے پر سعودی مسلح افواج اور اتحاد کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور بے گناہ جانوں کے تحفظ اور سعودی عرب کی حفاظت کے لیے ان کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان برادر مملکت سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے اور اس کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کے مطابق سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سا لمیت اور سلامتی کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے عوام کے دفاع اور اس کے شہروں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے جائز حق کی بھی مکمل حمایت کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حوثی ملیشیا کو یہ حملے فوری طور پر بند کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان خطرات کے مقابلے میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔