نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی کیتھولک برادری کی قابلِ قدر خدمات، خصوصا تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اس کے کردار کو سراہا ہے۔
وہ اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ میں ہولی سی کے سیکرٹری برائے تعلقاتِ ریاست آرچ بشپ پال رچرڈ گالاگر سے گفتگو کر رہے تھے، جنہوں نے آج ان سے ملاقات کی۔
آرچ بشپ پال رچرڈ گالاگر پاکستان اور ہولی سی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کے دورے پر ہیں۔
نائب وزیراعظم نے آرچ بشپ کا خیرمقدم کیا اور امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کے فروغ میں ہولی سی کے کردار کو سراہا۔
اسحاق ڈار نے پوپ لیو چہاردہم کی جانب سے امن اور تنازع فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے اصولی مقف کو سراہتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے پاکستان اور ہولی سی کے تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مذاہب کے درمیان باہمی احترام، افہام و تفہیم اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے مسلسل بین الاقوامی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
آرچ بشپ پال رچرڈ گالاگر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ثالثی، مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔