Monday, 10 March 2025, 04:40:20 am
 
پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، خواجہ آصف
March 09, 2025

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے جسے یقینی بنانے کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔

انہوں نے یہ بات آج سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہاکہ وطن عزیز میں بسنے والے ہرشہری کو مذہب اور رنگ ونسل سے قطع نظر یکساں حقوق حاصل ہیں۔

وزیردفاع نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کے ساتھ رواداری اورحسن سلوک کسی بھی قوم کا خاصہ ہوتا ہے ۔

انہوں نے اقلیتوں کو پاکستان کے یکساں شہری کے طورپر تحفظ دینے اور اقلیتی کارڈ سکیم کے ذریعے انھیں ریلیف فراہم کرنے کی غرض سے ٹھوس اقدامات کیلئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا بین المذاہب ہم آہنگی اور مساوات کسی بھی ملک کے دفاع، یکجہتی اور صحتمند معاشرے کی تخلیق کیلئے ضروری ہیں۔

اس سے پہلے پنجاب کے اقلیتی امور کے وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اقلیتی برادریوں کے تحفظ اور ریلیف کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات کو اجاگر کیا۔