Sunday, 09 March 2025, 09:12:44 pm
 
پاکستان کا فلسطین کے نصب العین کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
March 08, 2025

پاکستان نے فلسطین کے نصب العین کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے اور فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کیلئے فوری اجتماعی اقدامات پر زور دیا ہے۔

اس عزم کا اعادہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے آج سعودی عرب کے شہر جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نائب وزیراعظم نے فلسطینیوں کو دوسرے ملکوں میں آباد کرنے کی تجویز کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کو اُن کے وطن سے بے دخل کرنے کے کسی بھی اقدام کی مکمل طور پر

مخالفت کرتے ہوئے اسے رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے، چاہے وہ براہِ راست نکالنے کا عمل ہو یا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ریلیف دینے اور تعمیر نو کی آڑ میں کیا جا رہا ہو۔

نائب وزیراعظم نے غزہ سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلائ، وہاں اشتعال انگیز کارروائیوں کے مکمل خاتمے، انسانی امداد کی بلاتعطل ترسیل اور تعمیرنو کے جامع منصوبے پر عملدرآمد کرنے پر زور دیا۔

مصر کی جانب سے غزہ کی تعمیرنو منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے اسے غزہ کی تعمیرنو کیلئے ایک متوازن، عملی اور موثر حکمت عملی قرار دیا۔