وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں یکساں مواقع اور سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بات آج (ہفتہ) اسلام آباد میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے پاکستان میں سیاست، عدلیہ، تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت تمام شعبوں میں خواتین کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے خصوصاً ملک کے دیہی علاقوں میں خواتین کی انتھک محنت اور تعمیری کردار کی تعریف کی۔
انہوں نے خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے وفاقی حکومت کے حالیہ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں پنک بسوں کاآغاز پہلے ہی کیا جا چکا ہے جبکہ ملازمت پیشہ خواتین کا بہبود فنڈ بھی قائم کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم نے ملازمت پیشہ ماوں کی سہولت کیلئے وفاقی دارالحکومت میں ڈے کیئر سنٹرز کے قیام کا بھی اعلان کیا۔
پنجاب میں وزیراعلیٰ کے خواتین کو بااختیار بنانے کے پیکج کو سراہتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومتیں بھی خواتین کی معاشی اور سماجی ترقی کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ ملکر مکمل ہم آہنگی سے کام کررہی ہیں۔