Thursday, 09 January 2025, 11:27:27 am
 
شہریوں کو صحت ،تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا حکومتی ترجیح ہے،وزیراعظم
January 08, 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہرشہری کو صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

وہ بدھ کے روزکراچی میں آغا خان یونیورسٹی کے کلینکل پریکٹس کے رہنما اصولوں کے مینوئل کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کے طورپر خطاب کررہے تھے۔

وزیراعظم نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب کے طورپر اپنے دور میں انہوں نے مہلک بیماریوں کے  علاج کیلئے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اور برن سینٹرز جیسے عالمی معیار کے ادارے قائم کیے  انہوں نے کہاکہ سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولاجی اینڈ ٹرانسپلانٹ جیسے کئی اہم ادارے بھی سندھ میں عوام کی خدمت کررہے ہیں۔

شہبازشریف نے کہاکہ وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے فوری بعد انہوں نے عوام سے  وعدہ کیا تھاکہ وہ ہرپاکستانی کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتوں تک رسائی فراہم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے  انہوں نے کہاکہ اﷲ تعالی کے کرم سے ان کی حکومت ہر گزرتے دن کے ساتھ  اس وعدے کی پاسداری کی جانب تیزی سے گامزن ہے ۔

وزیراعظم نے عوامی بہبود کیلئے آغا خان فائونڈیشن کی گراں قدرخدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ  آغاخان یونیورسٹی کی جانب سے پاکستان کے تناظر میں تحریرکردہ رہنما اصولوں کا مینوئل پاکستان کے صحت کے شعبے کی اصلاحات میں ایک سنہری باب ہے۔

شہبازشریف نے کہاکہ آغا خان فائونڈیشن اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کیلئے مفت مشاورتی خدمات فراہم کررہی ہے جو قابل ستائش ہے۔

آغا خان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سلمان شہاب الدین نے وزیراعظم اور شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملک میں طب کے شعبے میں آغا خان یونیورسٹی کی خدمات کو اجاگر کیا ۔

اس موقع پر آغا خان میڈیکل کالج کے ڈین اور طبی جریدے کے ایڈیٹر انچیف ڈاکٹر عادل حیدر نے شرکاء کو بتایا کہ یہ اس پورے خطے میں پہلی کتاب ہے جس میں صحت کے شعبے سے متعلق رہنمائی مہیا کی گئی ہے  جس کا پاکستان میں اجراء کردیاگیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس معلوماتی کتابچے پرعمل کرکے دو کروڑ افراد صحت کی عالمی معیار کی سہولتوں سے براہ راست استفادہ حاصل کرسکتے ہیں جبکہ طبی آپریشنز کے دوران بہتر احتیاطی تدابیر اور طریقوں پرعمل کرکے ایک لاکھ پچاس ہزار زندگیاں بچائی جاسکتی ہیں۔

بعدازاں وزیراعظم نے آغا خان یونیورسٹی اورملک بھر سے آئے ماہرین صحت کے ساتھ گول میز مباحثے میں شرکت کی ۔

ماہرین طب نے وزیراعظم کو پاکستان کے شعبہ صحت کے مسائل حل کرنے اور اصلاحات لانے اور عام آدمی کو صحت کی معیاری سہولیات تک رسائی مہیا کرنے کی تجویز دی۔

وزیراعظم نے ان تجاویز کا خیرمقد م کیا اور کہاکہ حکومت بنیادی ، ثانوی اور اعلی سطح پرصحت کی سہولیات میں مزید بہتری لانے کیلئے کوشاں ہے۔