Thursday, 09 January 2025, 11:44:20 am
 
وزیراعظم کا قومی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا پختہ عزم
January 08, 2025

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے معاشی استحکام کے حصول کے بعد ملک کو اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے حکومتی عزم کااظہار کیا ہے۔

انہوں نے بدھ کے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اُڑان پاکستان‘‘ کے پانچ سالہ اقدام کا مقصد ملک کو اقتصادی طورپر مضبوط بنانا ہے۔

اُنہوں نے برآمدات پر مبنی ایجنڈے پر عمل درآمداور قدرتی وسائل کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کیلئے متعلقہ فریقوں سے تجاویز لیں۔

وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی کہ نجکاری کا عمل شفاف انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے ملک کی ترقی میں سرمایہ کاروں کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے آنے والے دنوں میں سرکردہ تاجروں سے ملاقات کرنے کی خواہش ظاہر کی تاکہ معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے کے لئے ان سے مسائل پر بات چیت کی جاسکے۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ وہ دن جلد آئے گا جب ملک میں معاشی ترقی کیلئے اجتماعی پالیسیوں پرعملدرآمد کرتے ہوئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کو خیر باد کہا جائے گا۔

انہوں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کا گھنٹہ بھی بجایا اور بہتر کارکردگی والی کمپنیوں اور حکام میں شیلڈز تقسیم کیں۔

اس سے پہلے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی کارکردگی کی تعریف کی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک اقتصادی ترقی کی جانب گامزن رہے گا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں میں اصلاحات پر عملدرآمد کیا جارہا ہے اور اخراجات کم کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا توانائی کے شعبے میں اصلاحات معاشی شعبے کی پائیدار ترقی میں معاون ثابت ہوں گی۔