Thursday, 08 October 2026, 04:20:31 am
 
طارق فضل چوہدری کا خیبر پختونخوا حکومت پر دہشت گردی کیخلاف جنگ میں وفاق سے تعاون پر زور
October 07, 2026

فائل فوٹو

پارلیمانی امور کے وزیر طارق فضل چودھری نے خیبر پختونخوا حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا مؤقف تبدیل کرے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وفاقی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔

انہوں نے آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو اس وقت بارہ اضلاع میں انتظامی عمل داری حاصل نہیں، جن میں آٹھ سابق قبائلی اضلاع اور چار دیگر اضلاع شامل ہیں۔

طارق فضل چودھری نے کہا کہ اسلام آباد کو خصوصی حیثیت حاصل ہے کیونکہ یہاں حساس ریاستی تنصیبات، غیر ملکی سفارت کار اور سفارت خانے موجود ہیں۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کسی بھی احتجاجی مارچ کو وفاقی دارالحکومت میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون سے گریز جاری رکھتے ہیں تو آئین کے تحت وفاقی حکومت کو خیبر پختونخوا میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔