Thursday, 08 October 2026, 03:38:58 am
 
پاکستان معاشی استحکام کے حصول میں مسلسل پیشرفت کر رہا ہے: محمد اورنگزیب
October 07, 2026

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے معاشی استحکام کے حصول میں نمایاں پیشرفت جاری رکھے ہوئے ہے۔

کراچی میں منعقدہ پاکستان مائیکرو فنانس نیٹ ورک کی دسویں سالانہ کانفرنس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند ہفتے قبل ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر اکیس اعشاریہ چار ارب ڈالر کی تاریخی بلند سطح پر پہنچ گئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ذخائر تین ماہ کی درآمدات کیلئے کافی ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اب معاشی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران ملکی معیشت میں تین اعشاریہ سات فیصد اضافہ ہوا اور رواں مالی سال کے دوران چار فیصد معاشی ترقی متوقع ہے۔

محمد اورنگزیب نے پائیدار اور ذمہ دارانہ معاشی ترقی کیلئے حکومت کے عزم کا اظہار کیا تاکہ تیزی اور مندی کے چکروں سے بچا جا سکے اور معاشی سرگرمیوں میں نجی شعبے کے کردار کو مزید بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے مالیاتی خدمات تک محدود رسائی رکھنے والے افراد اور برادریوں کیلئے مالی وسائل تک رسائی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ایکسپورٹ ری فنانس کی حد دس کھرب روپے سے بڑھا کر پندرہ کھرب روپے کر دی گئی ہے، جس کا بیس فیصد حصہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔