Thursday, 08 October 2026, 03:41:17 am
 
پاکستان، برطانیہ کا غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے مفاہمتی یادداشت پر اتفاق
October 07, 2026

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے برطانوی وزیر مملکت خارجہ امور سٹیفن ڈوٹی نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پاک برطانیہ تعلقات اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر غیر قانونی امیگریشن، انسداد منشیات اور انسداد دہشتگردی کے لیے تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی، ملاقات کے دوران جعلی سٹوڈنٹ ویزوں کے ذریعے برطانیہ جانے کے رجحان کی روک تھام کے لیے مشترکہ طور پر سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور پاکستان کے مثبت کردار پر بھی بات چیت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی میں کمی کے لئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں مشترکہ ورکنگ گروپ کی 90 روزہ پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں افغانستان کے ساتھ سرحدی صورتحال کے تناظر میں بھی بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جعلی سٹوڈنٹ ویزوں کے ذریعے بیرون ملک جانے والے پاکستانی طلبہ کے معاملے میں سخت جانچ پڑتال ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے برطانیہ سمگل کی جانے والی 55 میٹرک ٹن منشیات ضبط کیں۔

برطانوی وزیر سٹیفن ڈوٹی نے پاکستان میں آن لائن فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیوں کی تعریف کی۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، قونصلر سیکیورٹی الاسڈئیر گرانٹ اور سیکریٹری میتھیو میک ماہون بھی اس موقع پر موجود تھے۔