پاکستان نے اقوام متحدہ اور افریقی یونین کے درمیان مضبوط تر سیاسی روابط اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ براعظم افریقہ کو درپیش امن اور سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کی عالمی کوششوں میں افریقی ملکیت کو مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہئے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب، سفیر عثمان جدون نے یہ بات اقوام متحدہ اور علاقائی و ذیلی علاقائی تنظیموں کے درمیان تعاون، بالخصوص افریقی یونین کے حوالے سے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور افریقی یونین کی شراکت داری نے ایک مضبوط ادارہ جاتی بنیاد حاصل کرلی ہے، تاہم اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے مزید سیاسی ہم آہنگی اور زمینی سطح پر ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جائے۔
سفیر عثمان جدون نے اقوام متحدہ اور افریقی یونین کی شراکت داری کو تنازعات کی روک تھام اور ثالثی سے لے کر قیامِ امن، امن سازی اور انسدادِ دہشت گردی تک امن کے مکمل تسلسل پر محیط کرنے پر بھی زور دیا۔