پاکستان اور پولینڈ نے سیکیورٹی، انٹیلیجنس شیئرنگ، انسداد دہشت گردی، غیر قانونی مائیگریشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
اس حوالے سے اتفاق رائے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پولینڈ کے وزیر اور کونسل آف منسٹر کے سربراہ ٹوماش شیمونیاک (Tomasz Siemoniak) کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آیا۔
ملاقات میں میوچل لیگل اسسٹنس سمیت مختلف ایم او یوز کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے وزیر مملکت طلال چوہدری کی سربراہی میں وزارت داخلہ کا وفد جلد پولینڈ کا دورہ کرے گا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے منشیات،غیر قانونی مائیگریشن اور منظم جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں پاکستان سے یورپ کی جانب غیر قانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی آئی ہے۔
دونوں فریقین نے غیر قانونی مائیگریشن کو ختم کرنے کیلئے یورپ میں پاکستانیوں کیلئے روزگار اور قانونی مائیگریشن کے مواقع بڑھانے پر اتفاق کیا۔
پولینڈ کے وزیر نے کہا کہ انسداد دہشتگردی اور سکیورٹی امور پر پاکستان اور پولینڈ یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولینڈ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو بھرپور تائید کرتا ہے۔