وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مائیکرو فنانس اداروں اور دیگر متعلقہ اداروں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں فنانس تک رسائی سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے مالی معاونت میں پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ حکومت کے درمیانی مدت کے اس پروگرام کے مطابق کام جاری رکھا جائے جس کے تحت جون دو ہزار اٹھائیس تک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے مالی معاونت کو بیس کھرب روپے تک بڑھانا اور قرض لینے والوں کی تعداد سات لاکھ پچھتر ہزار تک پہنچانا ہے۔
ہاؤسنگ فنانس کے حوالے سے وزیر خزانہ نے عملی مالیاتی منصوبے تیار کرنے پر زور دیا جو رہائش کی فراہمی میں رکاوٹوں کو دور کرنے اور سستے گھروں کی فراہمی میں معاون ثابت ہوں۔
محمد اورنگزیب نے بجلی کے شعبے کے ریگولیٹری نظام سے متعلق رہبر کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی بھی صدارت کی۔