گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہی۔
گلگت بلتستان الیکشن کمیشن کی حتمی ووٹر فہرستوں کے مطابق خطے کے دس اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹروں کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 58 ہزار 480 ہے۔
گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی 24 جنرل نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 403 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 272 آزاد امیدوار شامل ہیں۔
گلگت بلتستان اسمبلی 33 نشستوں پر مشتمل ہے، جن میں 24 نشستیں براہِ راست منتخب اراکین کے لیے، 6 خواتین کے لیے اور 3 نشستیں ٹیکنوکریٹس کے لیے مختص ہیں۔