وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم کا مقصد پاکستان کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کی استعدادِ کار کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے او جی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد حیات لک کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری راغب کرنے کیلئے انوسٹمنٹ فورم میں ایک مربوط لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اِس لائحہ عمل کو تمام صوبائی حکومتوں کی حمایت حاصل ہے۔وزیر پٹرولیم نے کہا کہ توقع ہے کہ سعودی عرب، امریکہ، ڈنمارک، فن لینڈ، کینیا اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک فورم میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فور م میں تین سو غیر ملکیوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔