پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد، بے مثال قربانیوں اور آزادی کے عزم کی ایک روشن داستان ہے۔ تحریکِ پاکستان کے دوران لاکھوں مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لیے سیاسی جدوجہد کے ساتھ ساتھ بے شمار مشکلات، ہجرتوں اور قربانیوں کا سامنا کیا۔
قیام پاکستان کے حوالے سے ایک بزرگ شہری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے مسلمان ایک ایسے وطن کے خواہاں تھے جہاں وہ اپنی مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کے مطابق آزادانہ زندگی گزار سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف ہجرت کرنے والے لاکھوں مسلمانوں کو سفر کے دوران انتہائی کٹھن حالات، مشکلات اور تشدد کے واقعات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم آزادی کے جذبے نے انہیں ہر قربانی دینے کے لیے تیار رکھا۔
بزرگ شہری کے مطابق مسلمانوں نے اپنے الگ وطن کے قیام کے لیے جان و مال سمیت بے شمار قربانیاں پیش کیں، جن کی بدولت 14 اگست 1947 کو پاکستان ایک آزاد ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔
انہوں نے کہا کہ تحریکِ پاکستان کے رہنما ئوں اور عام لوگوں کی قربانیاں آج بھی قوم کے لیے اتحاد، محنت، اخوت اور وطن سے وفاداری کا پیغام رکھتی ہیں۔
انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی تاریخ، قیام کے اسباب اور آزادی کے لیے دی جانے والی قربانیوں سے آگاہی حاصل کریں تاکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں۔