گلگت بلتستان میں عام انتخابات کیلئے کل پولنگ ہو گی۔
گلگت بلتستان کے الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ حتمی ووٹرفہرستوں کے مطابق علاقے کے دس اضلاع میں رائے دہندگان کی مجموعی تعداد نولاکھ تریسٹھ ہزار چونتیس ہے جن میں پانچ لاکھ چھیاسٹھ ہزار ستانوے مرد اور چار لاکھ چھپن ہزار نو سو سینتیس خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
گلگت اسمبلی کی چوبیس عام نشستوں کیلئے اس بار تین سو چھیانوے امیدوار مد مقابل ہیں جن میں دوسو چھیاسٹھ آزاد امیدوار بھی شامل ہیں۔
گلگت بلتستان اسمبلی مجموعی طور پر تینتیس نشستوں پر مشتمل ہے جن میں چوبیس نشستیں براہ راست منتخب ارکان کیلئے مختص ہیں جکہ چھ نشستیں خواتین اور تین ٹیکنوکریٹس کیلئے مخصوص ہیں۔
ادھر چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کیلئے تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات تفویض کئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اختیارات انتخابی نتائج کے باضابطہ اعلان تک نافذ العمل رہیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
گلگت بلتستان میں عام انتخابات کیلئے سکیورٹی انتظامات سے متعلق اجلاس آج گلگت بلتستان کے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر اکبر ناصرخان کے زیرصدارت ہوا۔
اجلاس میں الیکشن سکیورٹی پلان، حساس پولنگ سٹیشنز، پولنگ عملے کی تعیناتی اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کا جائزہ لیا گیا۔
آئی جی پولیس نے امن وامان کا قیام یقینی بنانے، انتخابی عملے کی سکیورٹی اور حساس مقامات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے پولیس اہلکاروں کو پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے اپنے فرائض ذمہ داری سے انجام دینے کی ہدایت بھی کی۔