پاکستان اور افغانستان نے خطے میں امن و استحکام کے سلسلے میں طویل مدتی تعاون کیلئے اعلیٰ سطح کے روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
اس حوالے سے اتفاق رائے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو میں کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، حکومتی رابطوں، معاشی تعاون، عوامی روابط اور سیاسی مشاورتی طریقہ کار کی بحالی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم نے افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ کو پاکستان کے خلاف بھارت کے حالیہ اشتعال انگیز' غیر قانونی اوریکطرفہ اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے امن اور پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر عبوری افغان وزیر خارجہ نے تجارت اور سفری سہولتوں کو آسان بنانے پر پاکستان کے موثر اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے ناب وزیراعظم کو دوبار ہ افغانستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔