Wednesday, 07 May 2025, 12:53:49 am
 
وزیراعظم کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، قومی مفادات کے تحفظ میں ادارے کے کردار کو سراہا
May 06, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور روایتی اور غیر روایتی جنگی حربوں اور دہشت گردوں کی پراکیسز سمیت بڑھتے ہوئے خطرات سے آگاہ کیا گیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور مسلح افواج کے سربراہان بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

دورے میں انہیں خاص طور سے پاکستان کی مشرقی سرحد پر بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور اشتعال انگیز کارروائیوں کی روشنی میں روایتی خطرات سے نمٹنے کے لئے تیاریوں پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ سیکورٹی کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے پاکستان کی خودمختاری اور داخلی سلامتی کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کو ناکام بنانے اور بھرپور جواب دینے کیلئے قومی سطح پر نگرانی بڑھانے، اداروں کے درمیان بہتر تعاون اورعملی تیاری میں اضافے کو ناگزیرقرار دیا۔

آئی ایس آئی کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے پیچیدہ اور مشکل صورتحال میں قومی مفادات کا تحفظ کرنے اور قومی سلامتی کے حوالے سے مکمل آگاہی کے ساتھ فیصلہ سازی کو ممکن بنانے میں اس کے اہم کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی سب سے زیادہ پیشہ ورانہ صلاحیت کی حامل منظم افواج میں سے ایک ہے۔

پاکستان کی قیادت نے تمام روایتی یا غیرروایتی خطرات کے مقابلے میں دفاع وطن کے ٹھوس عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستانی قائدین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم، ملکی طاقت کے دیگر مراکز اور ریاستی اداروں کی حمایت کے ساتھ ہماری مسلح افواج ہر طرح کے حالات میں پاکستان کی سلامتی، عزت اور وقار کے تحفظ کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔