Wednesday, 07 May 2025, 12:41:13 am
 
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب برطانیہ کے تین روزہ سرکاری دورے پر لندن پہنچ گئے
May 06, 2025

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب برطانیہ کے تین روزہ سرکاری دورے کے لیے لندن پہنچ گئے ہیں۔

ہیٹھرو ایئرپورٹ پہنچنے پر برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور ہائی کمیشن کے دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔

اس دورے کا مقصد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان معاشی تعلقات کو مضبوط بنانا، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا، اور برطانوی حکومتی حکام، عالمی مالیاتی اداروں، اور برطانیہ میں کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کرنا ہے۔

وزیر خزانہ اس دورے کے دوران "پاکستان ایکسیس ڈے" کے عنوان سے ایک سرمایہ کاری گول میز اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ وہ برطانیہ میں مقیم ٹیکنالوجی کے سرمایہ کاروں کے ساتھ ایک گول میز مباحثے میں بھی شریک ہوں گے، جس میں مصنوعی ذہانت، کان کنی اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع زیر بحث آئیں گے۔