Wednesday, 07 May 2025, 12:53:49 am
 
قطر کا پاکستان بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں پر زور
May 06, 2025

وزیرداخلہ محسن نقوی نے دوحہ میں قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں پاک قطر تعلقات اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی اور خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بھی بات چیت کی گئی۔

وزیرداخلہ نے قطر کے وزیر اعظم کو پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کے ٹھوس اور اصولی موقف سے آگاہ کیا۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن چاہتا ہے لیکن جارحیت پر خاموش نہیں رہے گا۔

قطر کے وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے خطے میں عدم کشیدگی کیلئے قطر کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ سفارتی کوششوں سے کشیدگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔