Sunday, 06 September 2026, 04:15:41 pm
 
نائب وزیراعظم کی زیر صدارت سیف گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے رہبر کمیٹی کا اجلاس
September 05, 2026

سیف گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے رہبر کمیٹی کا اجلاس نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔

یہ گیمزجنوبی ایشیائی اولمپک کمیٹی کے تعاون سے آئندہ سال چار سے گیارہ اپریل تک ہوں گے۔

اجلاس میں قومی رابطہ کار کی تقرری اور رہبر، انتظامی اور صوبائی کمیٹیوں کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی۔

سیف گیمزمیں مجموعی طور پر اٹھائیس کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، جن میں چھ ہزار سے زائد کھلاڑیوں اور آفیشلزکی شرکت متوقع ہے۔

مقابلے اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ہوں گے۔

نائب وزیراعظم نے تمام متعلقہ حکام کو قریبی رابطہ برقرار رکھنے،مقابلوں کے مقامات کی بروقت تکمیل یقینی بنانے اور کامیاب میزبانی کا اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔