Monday, 09 September 2024, 03:56:42 pm
 
پاکستان اوربرطانیہ کاعلاقائی امن واستحکام کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور
September 05, 2024

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط شراکت داری، وسیع تر دوطرفہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور علاقائی امن و استحکام کوفروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

لندن میں خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور کے برطانوی وزیر ڈیوڈ لیمی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے قریبی اور تاریخی تعلقات کو بہتر تزویراتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

محمد اسحاق ڈار نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہا۔

برطانیہ کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے لئے پاکستان کے انتخاب پر نائب وزیراعظم کو مبارکباد دی اور اس مدت کے دوران پاکستان کیلئے برطانیہ کی حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انہو ں نے آئندہ ماہ ہونے والے دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں قریبی روابط رکھنے پر اتفاق کیا۔