وزیراعظم محمد شہباز شریف سے شاہ غلام قادر کی قیادت میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کشمیری عوام کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات میں حکومت پاکستان کی جانب سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔
وزیراعظم نے وفد کے ارکان کو کشمیری عوام کے مسائل کے حل کے لیے متحرک کرداد ادا کرنے کی تلقین کی اور انہوں نے وفد کو آزاد کشمیر کے نوجوانوں کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات لینے کی ہدایت بھی کی۔
وفد نے حکومت پاکستان کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کی عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق، سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر اور وفاقی وزرا ڈاکٹر احسن اقبال، انجینیئر امیر مقام، رانا تنویر حسین اور عطا اللہ تارڑ بھی شریک تھے۔