Wednesday, 05 February 2025, 11:53:22 am
 
یوم یکجہتی کشمیر کل (بدھ) منایا جائے گا
February 04, 2025

یوم یکجہتی کشمیر کل(بدھ) منایا جائے گا، یہ دن منانے کا مقصد پاکستانی قوم کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اظہار کرنا ہے۔

یہ دن مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے منایا جاتا ہے۔

اس دن کی مناسبت سے ملک بھر اور آزاد کشمیر میں یکجہتی واک کا انعقاد کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں شاہراہ دستور سے ریلی نکالی جائے گی۔

دس بجے سائرن بجائے جائیں گے اور شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئے اہم راستوں، ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں کے اطراف پوسٹرز اور بل بورڈز آویزاں کیے گئے ہیں۔

مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوگا جس میں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا جو گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی مظالم برداشت کر رہے ہیں۔

توقع ہے کہ اجلاس سے وزیر اعظم شہباز شریف کا خطاب کریں گے۔

پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے منگلا، کوہالہ، برار کوٹ، آزاد پتن اور ہولاڑ میں انسانی زنجیریں بنائی جائیں گی۔

اس سلسلے میں میرپور میں کل صبح ساڑھے نو بجے منگلا پل پر ایک تقریب منعقد کی جائے گی۔

پاکستانی اور کشمیری عوام ایک دوسرے سے اظہار یکجہتی کیلئے پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گے۔

کوٹلی اور بھمبر کے اضلاع میں بھی اسی قسم کی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔