منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے کہاہے کہ اُڑان پاکستان پروگرام ملک کو ترقی اورخوشحالی سے ہمکنارکرے گا۔
انہوں نے اتوار کے روز نارووال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان اقتصادی استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔
احسن اقبال نے کہاکہ ایک طویل عرصے بعد پاکستان ترقی کے سفر پر ایک بار پھر آگے بڑھنے کیلئے تیار ہے اور تمام مقاصد کے حصول کے لئے ملکی ساخت کا پانچ سالہ اقتصادی ترقی کامنصوبہ تیار کرلیاگیاہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل یقینی بنایا گیا تو پاکستان دنیا میں تیزتر ترقی کرنے والی معیشت کے طورپر ابھر سکتاہے۔
انہوں نے کہا کہ نفرت کی سیاست اور تشدد قوم کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے۔
احسن اقبال نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کو دھرنوں او ر احتجاج کی بجائے استحکام اور تسلسل کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان کے نعرے نے لوگوں کو گمراہ کیااور بانی پی ٹی آئی کے تحت قائم حکومت نے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کیا اور معیشت کا تسلسل ختم کر دیا۔