Wednesday, 08 January 2025, 10:30:05 pm
 
بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے مختلف تجاویز زیرِ غور ہیں، وزیراعظم
January 07, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے رواں ماہ پاکستان کے ذمے واجب الادا دو ارب ڈالر کی ادائیگی کی مدت میں توسیع کی ہے۔

آج (منگل کو )اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان نے رحیم یار خان میں معاونین کے بغیر ملاقات کے دوران ان کو اس فیصلے سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ ان کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر توجہ دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہا توقع ہے کہ رواں ماہ انڈونیشیا کے صدر بھی پاکستان کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا پاکستان کے انڈونیشیا کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں اور معزز مہمان کے ساتھ بات چیت کیلئے ایجنڈا تیارکیا جارہاہے۔

انہوں نے کہا پاکستان انڈونیشیا کو حلال گوشت اور چاول برآمد کرسکتاہے۔

وزیراعظم نے ملک میں معاشی استحکام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے سخت محنت اور کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پرزور دیا۔

انہوںنے بجلی کی قیمتوں میں کمی کو معاشی ترقی کیلئے ناگزیر قراردیا۔

انہوں نے کہا اس سلسلے میں مختلف تجاویز پر غور کیا جارہاہے۔