Wednesday, 08 January 2025, 10:55:12 pm
 
وفاقی حکومت کا حجم کم کرنے کا عمل رواں مالی سال کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا، وزیرخزانہ
January 07, 2025

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا حجم کم کرنے کا عمل رواں مالی سال کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا جس کا مقصد اخراجات کم کرنا اور کارکردگی بہتر بنانا ہے۔

آج (منگل کو )اسلام آبا د میں نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس حوالے سے اب تک مکمل کیے گئے کام کا ایک جامع جائزہ پیش کیا۔

وفاقی حکومت کاحجم کم کرنے سے متعلق گزشتہ چھ ماہ سے زائد عرصے میں کیے گئے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ڈیڑھ لاکھ اسامیاں ختم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے محکموں کی جانب سے باغبانی' صفائی ستھرائی اور پلمبنگ سمیت غیر بنیادی خدمات کو ٹھیکے پر دیا جائے گا جبکہ بعض مستقل اسامیوں کو بھی کم کیا جائے گا۔

محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ وزارت خزانہ تمام حکومتی اداروں کی نقد رقوم کی خود نگرانی کرے گی۔

وزیرخزانہ نے کہا پہلے مرحلے میں امور کشمیر وگلگت بلتستان' سیفرون ' انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام' صنعت و پیداوار' صحت' کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن سمیت چھ وزارتوں کے حوالے سے فیصلے کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امو ر کشمیر اورگلگت بلتستان کو ضم کر دیاگیاہے جبکہ کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ کو ختم کر دیاگیاہے اور ان اداروں سے منسلک اداروں کی تعداد اسی سے کم کرکے چالیس کر دی گئی ہے۔

محمداورنگزیب نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں سائنس و ٹیکنالوجی، تجارت، ہاؤسنگ و تعمیرات اور قومی غذائی تحفظ کی وزارتوں پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان وزارتوں کے ساٹھ اداروں میں سے پچیس کو ختم، بیس کا حجم کم اور 9 کو ضم کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے یہ بھی واضح طور پر کہا کہ ان فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت، اطلاعات و نشریات، قومی ورثہ و ثقافت، خزانہ ڈویژن اور توانائی ڈویژن سمیت پانچ وزارتوں سے متعلق سفارشات منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھجوائی جائیں گی۔