Wednesday, 08 January 2025, 11:05:17 pm
 
حکومت ریڈیو پاکستان کوبہتربنانے کیلئے منصوبہ وضع کررہی ہے،وزیراطلاعات
January 07, 2025

وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے انتھک محنت کر رہی ہے۔

انہوں نے آج(منگل کو) اسلام آباد میں میڈیا کرکٹ لیگ کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیگ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں اور منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اطلاعات نے ملک میں مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا جو ''اُڑان پاکستان'' پروگرام کے تحت وزیر اعظم کے ویژن کا لازمی حصہ بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان آئی سی سی چیمئن ٹرافی کی میزبانی کر رہا ہے جو اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان اس طرح کی بڑی تقریبات منعقد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ چیمپئن ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص مزید بہتر ہو گا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ حکومت قومی نشریاتی ادارے ریڈیو پاکستان کو مزید بہتر بنانے کیلئے ایک جامع منصوبہ وضع کر رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ریڈیو پاکستان کے ذریعے کرکٹ میچوں کی براہ راست کمنٹری کو بھی بہترکیا جائے گا۔

سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ رواں سال ملک میں سیاسی استحکام کا سال بھی ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدان ہمیشہ مذاکرات اور بات چیت کرتے ہیں کیونکہ جمہوریت میں مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہوتے ہیں۔