Tuesday, 03 November 2026, 01:29:50 am
 
وزیراعظم کا پاک چین تعلقات کے فروغ کے لیے مسلسل سیاسی روابط کی اہمیت پر زور
November 02, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مسلسل سیاسی روابط اور سیاسی جماعتوں کے درمیان تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

وہ آج (پیر) اسلام آباد میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی محکمے (IDCPC) کے وزیر لیو ہائی شینگ سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے لیو ہائی شینگ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آہنی، آزمودہ اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے روابط پر استوار ہے۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کے درمیان ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور تعاون کو آگے بڑھانے میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی محکمے کے اہم کردار کی تعریف کی۔

چین کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ توجہ کو سراہا۔

 لیو ہائی شینگ نے چینی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کو نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستی کو مزید گہرا کرنے کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط اور سیاسی جماعتوں کے مابین تبادلوں میں جاری پیش رفت کو سراہا، جس کا مقصد دونوں ممالک کی آہنی دوستی کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ و کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے معزز مہمان اور ان کے ہمراہ آنے والے چینی وفد کے اعزاز میں عشائیے کی بھی میزبانی کی۔